ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا تمہارا 'ایم ایل اے' مر گیا ہے ؟ اپیل کرنے والی خاتون سے اننت کمار ہیگڈے نے پوچھا اُلٹا سوال

کیا تمہارا 'ایم ایل اے' مر گیا ہے ؟ اپیل کرنے والی خاتون سے اننت کمار ہیگڈے نے پوچھا اُلٹا سوال

Mon, 02 Jul 2018 10:18:38    S.O. News Service

کاروار2/جون (ایس او نیوز) کچھ نیتا اس قدر ماہر ہوتے ہیں کہ اُلٹے سیدھے بیانات دے کر اخبارات کی سُرخیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوہی جاتے ہیں مگر  تعجب کی بات یہ ہے کہ بھلے ہی اخبارات میں  اُن کے خلاف خبریں چھپتی ہوں، مگر وہ  منفی خبروں  کا  بھی صحیح    فائدہ اُٹھانے کا فن جانتے ہیں، اور عوام  بھی ایسے لیڈروں کو ہاتھوں ہاتھ لیتے ہیں۔  ایسے ہی  متنازعہ بیانات دینے والوں میں ضلع اُترکنڑا سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے بھی ہیں ۔

اننت کمار ہیگڈے کا تازہ متنازعہ بیان اتوار کو  سامنے آیا جب انہوں نے یلاپور میں ایک خاتون کی اپیل پر اُلٹا اُن ہی سے سوال پوچھا کہ کیا آپ کا  ایم ایل اے مرگیا ہے   ؟ 

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  سرسی کے قریب بنواسی میں جب رکن پارلیمان اور مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے محکمہ جنگلات کی جانب سے منعقدہ شجرکاری پروگرام  کے اختتام کے  بعد واپس جانے کے لئے کار پر سوار ہوئے  تو خواتین کے ایک گروپ نے اُنہیں  یلاپور کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں کے نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے اُن سے درخواست کی کہ وہ یلاپور پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ایک ڈاکٹر کو نامزد کریں، جہاں ڈاکٹروں کی قلت کی وجہ سے غریب مریضوں کو سخت دشواریاں پیش آرہی ہیں۔  اس بات پر ناراض اننت کمار ہیگڈے نے سوال کیا کہ کیا آپ کا  ایم ایل اے مرگیا ہے  ؟ 

خیال رہے کہ حالیہ انتخابات میں یلاپور میں کانگریس کے شیورام ہیبار نے کامیابی درج کی تھی اور ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔


Share: